کراچی ڈیری فارمرز کے نائب صدر چوہدری فاروق نے کہا ہے کہ کمشنر کراچی سے درخواست ہے کہ یکم اکتوبر تک دودھ کے نئے نرخ مقرر کیے جائیں۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب صدر ڈیری فارمرز چوہدری فاروق نے کہا کہ کراچی کے ڈیری فارمر کو یومیہ 30 کروڑ کا نقصان ہورہا ہے، کچھ لوگ کیمیکل ملا دودھ فروخت کرتے ہیںاس حوالے سے ہم نے اداروں کو آگاہ کردیاہے، اگر کمشنر کراچی نے ہمارا مطالبہ نہیں سنا تو ہم کاروبار بند کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔
چوہدری فاروق کا کہنا تھا کہ اگرمطالبات نہیں تسلیم کیے گئے تو ہم وزیر اعلیٰ ہاؤس پر آکر پرامن احتجاج کریں گے، سیلاب کی تباہی کاریوں نے کراچی کے ڈیری فارمرز کو شدید متاثرکیا ہے۔
جنرل سیکریٹری ڈیری فارمز شوکت مختار نےاس موقع پر کہا کہ شہر کی مختلف بھینس کالونیوں میں 10 لاکھ سے زائد جانور موجود ہیں، روزانہ 50 لاکھ لیٹر دودھ شہر کو فراہم کیا جاتا ہے، جانوروں کی بنیادی خوراک بھوسا ناپید ہوچکا ہے، ڈیری فارمر انڈسٹری میں ہر چیز کی قیمت تقریبا 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
شوکت مختار کا مزید کہنا تھا کہ اسی طرح قیمتیں بڑھتی گئی تو جانور بھوکے مرنے کا خدشہ ہے، کمشنرکراچی کو دودھ اور گوشت کی قیمت میں جائز اضافے کیلئے خطوط ارسال کیے لیکن نتیجہ نہیں نکلا۔