رات گئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد کی زیر صدارت پبلک سروس ڈیلیوری سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اور لائسنس کے اجراء کے عمل کو بہتر اور تیز تر بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خدمت مرکز ایف-6 کے ساتھ ساتھ اب فیض آباد میں واقع ٹریفک پولیس دفتر بھی 24 گھنٹے کھلا رہے گا تاکہ شہری کسی بھی وقت اپنی ضروریات کے مطابق خدمات حاصل کر سکیں۔
اس کے علاوہ تمام خدمت مراکز کے اوقات کار شام 6 بجے سے بڑھا کر رات 9 بجے تک کر دیے گئے ہیں، جبکہ رش کے دوران شہریوں کی سہولت کے لیے اضافی کاؤنٹرز بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔
آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ جلد ہی تمام تھانوں میں بھی ٹریفک سے متعلقہ سہولیات دستیاب ہوں گی تاکہ شہریوں کو ایک ہی جگہ پر تمام سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ مزید برآں، 11 خدمت مراکز پر ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کی سہولت بھی مہیا کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت دینا اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔
اہم ہدایت:
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ یکم اکتوبر 2025 سے پہلے لازمی طور پر اپنا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کریں۔
یکم اکتوبر کے بعد بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، جس میں:
-
ایف آئی آر درج ہوگی
-
گرفتاری عمل میں آئے گی
-
گاڑی بند کی جائے گی
ٹریفک پولیس نے مختلف پلیٹ فارمز پر آگاہی مہم بھی شروع کر دی ہے تاکہ شہریوں کو قوانین سے متعلق آگاہ کیا جا سکے۔
خبردار!
لائسنس کے بغیر گاڑی یا موٹر سائیکل چلانا اب خطرے سے خالی نہیں — قانونی گرفت سے بچنے کے لیے فوری طور پر لائسنس حاصل کریں۔