وزیر اطلاعات آزادکشمیر پیر مظہر سعید شاہ کا عالمی فلوٹیلا میں شامل ہونے پر زبردست خراج تحسین
اٹلی میں کشتی حادثہ، پیر مظہر سعید شاہ کا غزہ مشن جاری رکھنے کا اعلان
آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ کے جرات مندانہ اقدام کو سوشل میڈیا صارفین نے زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیر اطلاعات عالمی “صمود فلوٹیلا” کے ساتھ غزہ کے سفر پر ہیں جہاں ان کا مقصد مظلوم فلسطینی عوام تک خوراک اور ادویات پہنچانا ہے۔ صارفین نے ان کے اس اقدام کو امن، انصاف اور فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا شاندار پیغام قرار دیا ہے اور انہیں “قوم کا فخر” اور “امت مسلمہ کا بہادر سپوت” کہا ہے۔
سیاسی و سماجی حلقوں نے بھی ان کے فیصلے کو قابل تقلید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف ریاست بلکہ پاکستان کا عالمی تشخص بھی اجاگر ہوگا۔ “گلوبل صمود فلوٹیلا” دنیا کے مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے کارکنان اور رہنماؤں پر مشتمل ہے، جس میں پیر مظہر سعید شاہ کی شمولیت تاریخی اضافہ ہے۔
دوران سفر ان کی کشتی سمندر میں خراب ہوگئی جس کے بعد کئی گھنٹوں کی مشکل کے بعد انہیں ساتھیوں سمیت اٹلی کے جزیرے سراکوزہ پر ریسکیو کر لیا گیا۔ جزیرے سے اپنے ویڈیو پیغام میں وزیر اطلاعات نے کہا: “ہمارے دل غزہ کے ساتھ دھڑک رہے ہیں۔ اللہ نے چاہا تو جلد فلسطینی بھائیوں کے پاس ہوں گے۔ سات آٹھ گھنٹے کشتی کے حادثے میں بڑی مشکل میں رہے لیکن اللہ کی مدد سے بحفاظت ساحل تک پہنچ گئے۔ اہل محبت سے دعاؤں کی درخواست ہے۔”
انہوں نے اعلان کیا کہ مشکلات کے باوجود ان کا سفر جاری رہے گا اور یہ قدم امن، اخوت اور اتحاد کا مضبوط پیغام ہے۔