سیلاب متاثرین کیلئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا بڑا اعلان: مکانات کے معاوضے میں اضافہ، جاں بحق افراد کے لواحقین کو برابر ادائیگی کا فیصلہ

0

 

گلگت: وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی، امداد اور معاوضوں کی ادائیگی کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں ایک لاکھ روپے میں تباہ شدہ مکان کی تعمیر ممکن نہیں، اس لیے متاثرین کی تکالیف کو مدنظر رکھتے ہوئے معاوضوں میں نمایاں اضافہ کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ مکمل طور پر تباہ شدہ مکانات کا معاوضہ تین لاکھ روپے جبکہ جزوی طور پر متاثرہ مکانات کا معاوضہ ڈیڑھ لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، انسانی جان کے نقصان پر بھی پالیسی میں بڑی تبدیلی کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے صرف گھر کے سربراہ کی قدرتی آفت میں موت کی صورت میں 8 لاکھ روپے جبکہ دیگر جاں بحق افراد کے لواحقین کو صرف 6 لاکھ روپے معاوضہ دیا جاتا تھا، لیکن اب یہ تفریق ختم کرتے ہوئے تمام جاں بحق افراد کے لواحقین کو 8 لاکھ روپے معاوضہ دینے کی سفارش کی گئی ہے، جسے منظوری کے لیے کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سردیوں کی آمد سے قبل جن متاثرین کے مکانات تباہ ہو چکے ہیں، ان کی رہائش کے فوری انتظامات کیے جائیں۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری داخلہ اور ڈائریکٹر جنرل جی بی ڈی ایم اے کو ہدایت کی گئی کہ متاثرین کو معاوضوں کی جلد اور شفاف ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔

حاجی گلبر خان نے کہا کہ صوبائی حکومت کی مؤثر اور پیشگی حکمت عملی کے باعث ریسکیو اور بحالی کے کام بروقت اور مؤثر انداز میں انجام دیے جا رہے ہیں۔ متعدد علاقوں میں ایمرجنسی بنیادوں پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ بڑے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ پلاننگ نے مکمل بحالی کے لیے وفاقی حکومت کو پہلے ہی 4 ارب روپے کی تفصیلات ارسال کی تھیں، جب کہ اب مزید 15 ارب روپے کے منصوبوں کی سفارشات بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.