گلگت سے راولپنڈی جانے والی کار کو حادثہ: دو خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق، گلگت بلتستان میں فضا سوگوار

0

گلگت حویلیاں ہزارہ موٹروے پر ایک المناک حادثے میں گلگت اور غذر سے تعلق رکھنے والی دو خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ حادثہ تھانہ حویلیاں کی حدود میں موٹروے انٹرچینج کے قریب پیش آیا، جب تیز رفتار ڈمپر نے گلگت سے راولپنڈی جانے والی کار کو ٹکر ماری۔

تفصیلات کے مطابق جاں بحق افراد میں گلگت نومل کی ڈاکٹر کبریٰ شامل تھیں، جو میڈیکل کی طالبہ تھیں، جبکہ غذر شیر قلعہ سے تعلق رکھنے والی ردا بیگ ہمدرد یونیورسٹی اسلام آباد کے فوڈ اینڈ نیوٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی پانچویں سمسٹر کی طالبہ تھیں۔ دیگر جاں بحق افراد میں کار ڈرائیور سیلم رضا اور میثم قاسمی شامل ہیں، جن کا تعلق خومر یرکوٹ سے تھا۔

حادثے کے بعد موٹروے پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا، بعد ازاں جاں بحق افراد کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں۔ خومر یرکوٹ میں سیلم رضا اور میثم قاسمی کی نماز جنازہ جامع امامیہ مسجد گلگت میں امام جمعہ آغا سید راحت حسین الحسینی کی اقتداء میں ادا کی گئی، جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ بعد ازاں مرحومین کو ان کے آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

ادھر، پولیس نے حادثے کا مقدمہ تھانہ ایبٹ آباد میں ڈمپر ڈرائیور کے خلاف درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

اس المناک سانحے پر گلگت بلتستان کے مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی رہنماؤں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے اور واقعے میں ملوث ڈرائیور کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.