پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن میں اقرباپروری کا مبینہ اسکینڈل سامنے آ گیا، جہاں ایک ہی گھر کے تین افراد — شوہر، بیوی اور بیٹی — کو قومی ٹیم کے آفیشلز کے طور پر شامل کیے جانے پر شدید اعتراضات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اس معاملے پر پاکستان اسپورٹس بورڈ (PSB) نے نوٹس لیتے ہوئے فیڈریشن کے سیکرٹری سہیل انور سے تین روز کے اندر تحریری وضاحت طلب کر لی ہے۔

PSB کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے:
"آپ پر الزام ہے کہ آپ نے اپنی اہلیہ اور بیٹی کو قومی ٹیم میں بطور آفیشلز شامل کیا، جو کہ کھلے عام اقرباپروری کے زمرے میں آتا ہے۔”
یہ تنازعہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایشین باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک اسپورٹس چیمپئن شپ تھائی لینڈ میں جاری ہے، جہاں پاکستانی وفد کی شرکت کو یہ معاملہ متاثر کر سکتا ہے۔
PSB نے خبردار کیا ہے کہ اگر مقررہ مدت میں تحریری جواب نہ دیا گیا تو قواعد و ضوابط کے مطابق تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ فیڈریشن پر شفافیت کی خلاف ورزی اور قومی مفاد کو نقصان پہنچانے کے الزامات بھی زیر غور ہیں۔
