واشنگٹن: یوکرینی صدر زیلنسکی امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کے لیے وائٹ ہاؤس پہنچ گئے، جہاں صدر ٹرمپ نے ان کا استقبال کیا۔
دونوں صدور کے درمیان ملاقات میں امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ میرا خیال ہے روسی صدربھی جنگ کا خاتمہ چاہتےہیں، ہم چاہتے ہیں جنگ سب کےلیے بہتر انداز میں ختم ہو۔
یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا کہ جنگ کے خاتمے کے لیے صدر ٹرمپ کے سفارتی راستے کی حمایت کرتے ہیں، ہمیں جنگ کے خاتمے کی حمایت کرنی چاہیے۔
ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ روس اوریوکرین کے صدور جنگ کا خاتمہ چاہتےہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ نہیں چاہتا کہ معاملہ سال دوسال کے لیےحل ہو اورپھرلڑائی شروع ہوجائے، یوکرین میں جنگ روکنے کا اچھا موقع ہے، یوکرین کےلوگوں کی خوشحالی چاہتےہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ معاملات ٹھیک رہے تویوکرین اور روسی صدور کے ساتھ سہ فریقی میٹنگ کریں گے، ہم روس اوریوکرین کے درمیان دیرپا امن قائم کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ روس یوکرین کے درمیان جنگ ختم ہوگی، کب ہوگی یہ نہیں بتاسکتا، چاہتا ہوں دنیا میں امن ہو، سب تجارت کریں، یوکرین میں جنگ روکنے کا اچھا موقع ہے۔
ملاقات میں صدر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ ہم کیسےمحفوظ رہ سکتے ہیں، ہمیں اپنی سکیورٹی کی ضمانت چاہیے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ امن قائم کرنے اور برقرار رکھنے کے لیے روس، یوکرین اور باقی سب کے ساتھ مل کر کام کریں گے، یوکرین اور یورپی رہنماؤں سے ملاقات میں سکیورٹی ضمانتوں پر بات کروں گا، ملاقاتوں کے بعد روسی صدر سے بھی فون پر بات کروں گا۔