مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ، مزید بادل برسنے کی پیشگوئی

0

ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث مختلف شہروں میں موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ لاہور میں صبح سویرے ہلکی بوندا باندی اور بارش نے فضا کو معطر کر دیا، جبکہ اسلام آباد اور کراچی میں بادلوں کا بسیرا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو مزید سہانا بنا دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، لاہور، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، قصور، شیخوپورہ، حافظ آباد اور گردونواح میں بھی چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔

اسی طرح خیبر پختونخوا کے علاقوں سوات، دیر، کوہستان، بٹگرام، ہری پور، نوشہرہ، مانسہرہ، اور ایبٹ آباد میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بلوچستان کے علاقوں خضدار، ژوب، موسیٰ خیل اور اطراف میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔

گلگت بلتستان میں موسم گرم اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ آزاد کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل 13 اگست سے شروع ہو گا، جس کے نتیجے میں پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.