ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل، محکمہ موسمیات نے متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کردی
ملک بھر میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل ہو چکا ہے اور محکمہ موسمیات نے آج (پیر) سے جمعرات تک بیشتر علاقوں میں تیز اور موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چھ اگست کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی تیز بارش کا امکان ہے، جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں صبح کے وقت بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
پنجاب کے 20 سے زائد اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، تاہم میدانی علاقوں میں گرمی اور حبس کی کیفیت بدستور برقرار رہے گی۔
سیالکوٹ، نارووال، اور میرپور آزاد کشمیر میں بھی ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم سہانا ہو گیا۔
شمالی علاقہ جات میں بھی شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ مظفرآباد، راولا کوٹ، وادی نیلم، دیامر، اسکردو اور گلگت کے علاقوں میں تیز بارشیں متوقع ہیں، جن سے پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نیا بارشوں کا سلسلہ پہلے سے موجود سیلابی صورتحال کو مزید بگاڑ سکتا ہے۔
بالائی علاقوں میں بھی آج بارش کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔