فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ (FFC) نے مالی سال 2025 کی پہلی ششماہی، جو 30 جون کو ختم ہوئی، کے مالی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان 29 جولائی 2025 کو کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیا گیا۔

کمپنی نے اس مدت کے دوران 38.5 ارب روپے کا ریکارڈ خالص منافع حاصل کیا، جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 26 ارب روپے تھا۔ فی شیئر آمدن (EPS) نمایاں اضافہ کے ساتھ 27 روپے رہی۔
ایف ایف سی نے اس دوران 1419 ہزار ٹن یوریا تیار کیا، جبکہ مجموعی سیلز ریونیو 155 ارب روپے رہا۔ دیگر آمدن میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو کہ ایسوسی ایٹڈ کمپنیز کی جانب سے زائد ڈیویڈنڈز ملنے کی بدولت ممکن ہوا۔
کمپنی نے 12 روپے فی شیئر کا دوسرا عبوری ڈیویڈنڈ دینے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد مجموعی عبوری ڈیویڈنڈ 19 روپے فی شیئر تک جا پہنچا ہے۔
ایف ایف سی نے نہ صرف اپنی کاروباری سرگرمیاں بلا تعطل جاری رکھیں بلکہ ملازمین کی صحت و سلامتی کے اعلیٰ معیار کو بھی برقرار رکھا۔ کمپنی کی مستحکم سپلائی چین اس کی پیشہ ورانہ کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔
