سیلابی صورتحال: وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا ریسکیو کارروائیاں تیز کرنے کا حکم

گلگت (نیوز ڈیسک) — وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے دیامر، سکردو، غذر سمیت دیگر اضلاع میں جاری سیلابی صورتحال کے پیش نظر گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو اور ریلیف کارروائیاں تیز کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیلاب سے ممکنہ نقصانات سے بچاؤ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے تھک چلاس کے مقام پر سیلاب کی وجہ سے سیاحوں کی گاڑیوں کو پیش آنے والے حادثے کا بھی نوٹس لیا اور ضلعی انتظامیہ کو فوری ریسکیو آپریشن کی ہدایت کی۔
حاجی گلبر خان نے عوام اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے دوران سفر سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے متعلق مکمل معلومات حاصل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
