
قاہرہ، مصر میں جاری ورلڈ جونیئر انفرادی اسکواش چیمپئن شپ کے پہلے دن دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے میں آئے۔ پاکستان کی جانب سے چار کھلاڑی میدان میں اُترے، جن میں سے صرف عبداللہ نواز کامیابی حاصل کر سکے۔
عبداللہ نواز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میکاؤ کے کینگ ان لیونگ کو با آسانی 0-3 سے شکست دی۔ میچ کے اسکورز 11-7، 11-0، اور 11-4 رہے۔ اس کامیابی کے ساتھ عبداللہ نے اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
دوسری جانب، انس علی شاہ، محمد عمیر عارف اور یحییٰ خان کو اپنے اپنے میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہانگ کانگ کے جسٹن چینگ نے انس علی شاہ کو سخت مقابلے کے بعد 1-3 سے ہرایا، جبکہ امریکہ کے ہارٹ رابرٹسن نے عمیر عارف کو 0-3 سے شکست دی۔ یحییٰ خان کا مقابلہ بھی امریکی کھلاڑی محمد حق سے ہوا، جنہوں نے 1-3 سے کامیابی حاصل کی۔
پاکستان اسکواش فیڈریشن نے عبداللہ نواز کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے اور دیگر کھلاڑیوں کے لیے آئندہ ٹیم چیمپئن شپ میں بہتر کارکردگی کی امید ظاہر کی ہے۔
