پنجاب میں نویں جماعت کے آرٹس اور سائنس گروپ کے طلباء کے لیے اب ایک ہی ریاضی کی کتاب پڑھائی جائے گی۔ پنجاب ایجوکیشن، کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا) نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آرٹس گروپ کے طلباء اب وہی ریاضی کی کتاب پڑھیں گے جو سائنس گروپ کے طلباء کے لیے مقرر ہے۔ پیکٹا نے تمام سرکاری و نجی اسکولوں کو اس ضمن میں ہدایات جاری کر دی ہیں۔
اس نئے فیصلے کے تحت نہم جماعت میں جنرل سائنس کی کتاب ختم کر دی گئی ہے اور عمومی ریاضی (جنرل میتھ) سے متعلق چلنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا گیا ہے۔
ماہرین تعلیم کے مطابق ماضی میں آرٹس گروپ کے طلباء کے لیے ریاضی کا نصاب نسبتاً آسان اور مختصر رکھا گیا تھا، تاہم اب یکساں کتاب سے تعلیم دینے کا فیصلہ معیارِ تعلیم کو یکساں بنانے کی کوشش ہے۔