وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے حالیہ بارشوں کے دوران چھتوں اور دیواروں کے گرنے، اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے خستہ حال عمارتوں سے انخلا کے حوالے سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے تاکہ ممکنہ حادثات سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بجلی کے کھلے اور لٹکتے ہوئے تاروں کو فوری طور پر ہٹانے کے لیے متعلقہ اداروں کو بھی احکامات جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مریم نواز شریف نے حالیہ افسوسناک واقعات پر سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان مشکل لمحات میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیراعلیٰ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بارش کے دوران خستہ حال عمارتوں میں رہائش اختیار کرنے سے گریز کریں اور بجلی کے کھمبوں، لٹکتے تاروں اور دیگر برقی تنصیبات سے دور رہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔
