برطانیہ کی جانب سے پابندی کے خاتمے کے بعد قومی ایئرلائن (پی آئی اے) برطانیہ کے لیے دوبارہ فضائی آپریشن شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔ ذرائع کے مطابق، پی آئی اے کی جانب سے 14 اگست کو جشنِ آزادی کے موقع پر اسلام آباد سے برطانیہ کے لیے پروازوں کا آغاز کرنے کا امکان ہے۔

ابتدائی مرحلے میں قومی ایئرلائن اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے ہفتہ وار تین پروازیں چلانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پروازوں کی شیڈولنگ اور سلاٹ کی حتمی منظوری ملتے ہی فلائٹ آپریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔
قومی ایئرلائن کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں تصدیق کی کہ برطانوی حکام نے پی آئی اے کو پروازوں کی اجازت دے دی ہے اور پروازوں کے آغاز کے لیے ضروری دستاویزات جمع کرا دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر تمام تقاضے بروقت مکمل ہو جائیں تو اگست میں فلائٹ آپریشن شروع ہونے کی قوی امید ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ 14 اگست سے پروازوں کے آغاز کی تصدیق ابھی قبل از وقت ہے، تاہم ادارے کی خواہش ہے کہ یومِ آزادی کے دن پروازوں کا آغاز کرکے عوام کو ایک خوبصورت تحفہ دیا جائے۔
ترجمان کے مطابق، پروازوں کی بحالی سے پی آئی اے کو سالانہ 10 ارب روپے سے زائد آمدن متوقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ برطانیہ میں مقیم تقریباً 16 لاکھ پاکستانی ہر سال پاکستان کا سفر کرتے ہیں، اور پابندی سے قبل پی آئی اے ان میں سے 6 لاکھ مسافروں کو سفری سہولت فراہم کر رہی تھی۔
پی آئی اے اب برطانیہ کے لیے ہفتہ وار مستقل پروازیں چلانے کا ارادہ رکھتی ہے، جس سے نہ صرف ادارے کی مالی حالت بہتر ہوگی بلکہ اوورسیز پاکستانیوں کو بھی براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
