شہرِ قائد کے تاجروں نے واضح اعلان کیا ہے کہ ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال 19 جولائی کو شیڈول کے مطابق ہوگی اور اسے نہ تو ملتوی کیا جائے گا اور نہ ہی منسوخ۔

تفصیلات کے مطابق، کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر جاوید بلوانی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہڑتال کا فیصلہ پوری تاجر برادری کے مشورے سے ہوا ہے، اور اس پر کوئی تبدیلی صرف چاروں صوبوں کے چیمبرز کی مشاورت سے ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہڑتال ملتوی یا منسوخ ہونے کی افواہیں پھیلانے والے درحقیقت کاروباری طبقے کے خیرخواہ نہیں ہیں۔
جاوید بلوانی نے زور دیا کہ تاجر، دکاندار اور صنعت کار سب ہڑتال میں بھرپور حصہ لیں گے اور اپنے حقوق کے لیے متحد ہو کر آواز بلند کریں گے۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرم نے اعلان کیا تھا کہ 19 جولائی کو ہڑتال نہیں کی جائے گی اور کراچی چیمبر کے سوا زیادہ تر تجارتی تنظیمیں ہڑتال کو مؤخر کرنے کے حق میں ہیں۔
ہڑتال کی کال کے تناظر میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آج تاجر رہنماؤں اور مختلف چیمبرز کو اسلام آباد مدعو کیا، جہاں ملاقات میں ایف بی آر کے اختیارات سمیت مختلف امور پر گفتگو ہوئی۔
اس حوالے سے لاہور چیمبر کے صدر کا کہنا تھا کہ حکومت کو واضح پیغام دیا جائے گا کہ ایف بی آر کے موجودہ اختیارات قابلِ قبول نہیں ہیں اور کاروباری برادری مزید بوجھ برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔
