کارگاہ پاور پراجیکٹ کی کارکردگی پر سوالات: اینٹی کرپشن ٹیم کی رپورٹ
گلگت: اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی تین رکنی ماہرین پر مشتمل ٹیم نے گزشتہ شب فیز 6 کارگاہ پاور پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور منصوبے کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
دورے کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ حال ہی میں مکمل ہونے والا 6 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا پلانٹ مکمل طور پر فعال ہونے کے باوجود صرف 2.9 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہا ہے۔ اسی طرح 4 میگاواٹ کے دوسرے یونٹ میں سے تین پیداواری یونٹس غیر فعال پائے گئے، جبکہ چوتھا یونٹ محض 674 کلوواٹ بجلی پیدا کر رہا ہے۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق منصوبہ اپنی مجموعی پیداواری صلاحیت کا 50 فیصد سے بھی کم بجلی فراہم کر رہا ہے، جس سے نہ صرف منصوبے کی افادیت پر سوالات اٹھے ہیں بلکہ سرکاری وسائل کے استعمال پر بھی تشویش پیدا ہو گئی ہے۔
اینٹی کرپشن ٹیم نے تفصیلی معائنے کے بعد اپنی ابتدائی سفارشات متعلقہ حکام کو پیش کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ذمہ داران کے تعین کے بعد ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔