کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 6 کے ایک فلیٹ سے معروف ماڈل اور اداکارہ حمیرا اصغر کی کئی دن پرانی لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں اہم نکات سامنے لائے ہیں۔

پولیس کے مطابق اداکارہ کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے اور رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے تاکہ موت کی اصل وجوہات واضح ہو سکیں۔ ابتدائی طور پر واقعے کو طبعی موت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم حمیرا کی منشیات کے مبینہ استعمال کا پہلو بھی سامنے آیا ہے۔
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ 35 سالہ حمیرا اصغر سن 2018 سے مذکورہ فلیٹ میں تنہا مقیم تھیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ ایک سال سے زائد عرصے سے کرایہ ادا نہیں کر رہی تھیں، جس پر مالک مکان نے قانونی کارروائی بھی شروع کر رکھی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکارہ کے قریبی رشتہ داروں نے ان سے کئی سال پہلے تعلق ختم کر لیا تھا اور اب انہوں نے لاش وصول کرنے سے بھی انکار کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ گذشتہ روز منظر عام پر آیا جب اتحاد کمرشل میں واقع فلیٹ سے خاتون کی لاش کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔ فلیٹ کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا ہے اور تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔
