حیدرآباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور تجربہ کار سیاست دان عبد الستار بچانی انتقال کر گئے۔ وہ کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے اور 78 برس کے تھے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق عبد الستار بچانی کچھ عرصے سے علیل تھے اور اسپتال میں زیرِ علاج تھے جہاں وہ خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
مرحوم کی سیاسی خدمات کے اعتراف میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، ضیا لنجار، ذوالفقار شاہ، نثار کھوڑو اور وقار مہدی سمیت پارٹی رہنماؤں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔
عبد الستار بچانی کا شمار ذوالفقار علی بھٹو کے قریبی رفقاء میں ہوتا تھا۔ وہ 1977 سے پارلیمانی سیاست کا حصہ رہے اور ایم آر ڈی تحریک میں سرگرم کردار ادا کیا۔ وہ کئی مرتبہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ مرحوم، سابق ایم این اے ذوالفقار بچانی کے والد بھی تھے۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے تعزیتی بیان میں کہا کہ عبد الستار بچانی ایک نظریاتی اور وفادار جیالے تھے، جنہوں نے ہمیشہ پارٹی قیادت کے ساتھ وفاداری نبھائی۔ ان کے انتقال کو انہوں نے ٹنڈو الہٰ یار کے عوام اور پیپلز پارٹی کے لیے بڑا نقصان قرار دیا۔
