5 جولائی تاریخ کا سیاہ دن ہے، ہمیشہ یومِ سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا ، شرجیل میمن

0

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے 5 جولائی کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ باب کی حیثیت رکھتا ہے، کیونکہ اسی دن ملک کی پہلی عوامی و جمہوری حکومت کو غیر آئینی طریقے سے برطرف کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ 5 جولائی 1977 کو جنرل ضیاء الحق نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں قائم جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر ملک کے سیاسی سفر کو شدید دھچکا پہنچایا۔ ان کے بقول اگر بھٹو کی حکومت قائم رہتی تو آج پاکستان ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ملک ہوتا۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ شہید بھٹو نے نہ صرف پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کی بنیاد رکھی بلکہ مزدوروں اور کسانوں کے حقوق کے لیے بھی عملی اصلاحات کیں۔ وہ اسلامی دنیا کے اتحاد کی علامت بن کر ابھرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف کیا جانے والا اقدام دراصل ایک بین الاقوامی سازش کا حصہ تھا، جس کا مقصد پاکستان کی ایٹمی قوت بننے کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا اور ترقی کے سفر کو روکنا تھا۔

اسی سلسلے میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے بھی اپنے بیان میں 5 جولائی کو جمہوریت پر حملے کا دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن یومِ سیاہ کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آمر ضیاء الحق کی جانب سے جمہوری حکومت کا تختہ الٹنا تاریخ کا افسوسناک واقعہ ہے۔

نثار کھوڑو نے اس موقع پر اس بات پر بھی زور دیا کہ پیپلز پارٹی نے 18ویں آئینی ترمیم کے ذریعے 58(2)(b) جیسے آمرانہ اختیارات کا خاتمہ کر کے جمہوری تسلسل کو محفوظ بنایا۔ ان کے مطابق آئین کی اصل روح کی بحالی، 18ویں ترمیم کی منظوری اور صدارتی اختیارات کی اصلاحات کا سہرا منتخب پارلیمنٹ اور سابق صدر آصف علی زرداری کو جاتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.