وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے محرم الحرام کے دوران سیکورٹی اور انتظامات سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں اخوت، بھائی چارگی اور قربانی کا درس دیتا ہے، اس موقع پر ہمیں ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کرتے ہوئے پرامن فضا کو برقرار رکھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی کوششوں کے باعث گلگت بلتستان میں مثالی امن قائم ہے، جسے برقرار رکھنے کے لیے محرم کے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے آئی جی پی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ محرم کے جلوسوں اور مجالس کے دوران فل پروف سیکورٹی کے انتظامات کیے جائیں۔ داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کو مؤثر بنایا جائے، اور تمام جلوسوں کی نگرانی ڈرونز اور سی سی ٹی وی کیمروں سے کی جائے۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو علمائے کرام، عمائدین اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر بھائی چارے کے فروغ کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنانے کی ہدایت دی۔ امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت فوری اور سخت ایکشن لیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف بھی بروقت کارروائی کا حکم دیا، جبکہ اسلحے کی نمائش پر عائد پابندی پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی۔
مزید برآں، محرم کے دوران عوام کو سہولت دینے کے لیے متبادل ٹریفک پلان مرتب کرنے، بجلی، پانی اور صفائی کے خصوصی انتظامات کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری داخلہ، آئی جی پی، اور تینوں ڈویژنز کے کمشنرز نے سیکورٹی اور دیگر انتظامات پر وزیر اعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی۔
