ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق یکم مئی سے آئندہ 15 دنوں کیلئے پیٹرولیم مصنو عات کی قیمتوں میں تبدیلی کا امکان نہیں،صنعتی اور سرکاری تخمینوں میں کہا گیا ہے کہ فی لیٹر پیٹرول کی قیمت میں صرف 0.016 روپے کمی اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 0.01 روپے کے اضافے کی توقع ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی اتار چڑھاؤ کا بوجھ ممکنہ طور پر عوام پر نہیں ڈالا جائے گا۔ دوسری جانب پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی وافر مقدار ذخیرہ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹ میں آئل مارکیٹنگ کمپنی ذرائع کے حوالے سے لکھا کہ پہلگام واقعے کے بعد پاک بھارت بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کو وافر مقدار میں ذخیرہ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ احکامات میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور آئل ریفائنری کو ڈیزل اور جیٹ فیول کی زیادہ سے زیادہ دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں پی ایس او سمیت دیگر امپورٹ کرنے والی کمپنیوں کو بھی آئل بروقت درآمد کرنے کی ہدایت دی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جی آئل نے پی ایس او اور آئل مارکیٹینگ کمپنیوں کو ہدایت جاری کردی ہیں،پیٹرولیم ذرائع نے بتایا کہ جیٹ فیول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل سمیت دیگر پیٹرولیم مصنوعات موجود ہیں۔ ڈی جی آئل کی طرف سے ہدایت ملنے کے بعد ایمرجنسی میں حالات سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر لئے گئے ہیں۔