کشمیر سپریم لیگ سے ہندوستان کو تکلیف ، سردار تنویر الیاس نےحکومت کے رویے کو "بچگانہ، احمقانہ اور ناقابلِ فہم” قرار دیدیا

0

 

راولپنڈی : آزاد جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں متحرک کرنے کے لیے کشمیر سپریم لیگ (KSL) کے تحت ٹرائلز کا آغاز ایوب نیشنل پارک راولپنڈی میں ایک پروقار اور پُرجوش تقریب سے ہوا۔ اس موقع پر KSL کے پیٹرن اِن چیف اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان مہمانِ خصوصی تھے، جنہوں نے بیٹ تھام کر ٹرائلز کا علامتی افتتاح کیا۔

تقریب میں KSL کے چیئرمین سردار مسعود احمد خان، کرکٹ و سیاست سے وابستہ نمایاں شخصیات، نوجوان کھلاڑیوں، میڈیا نمائندگان اور دیگر معزز مہمانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ سردار تنویر الیاس خان نے خطاب میں آزاد کشمیر حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹرائلز کا آغاز مظفرآباد سے ہونا تھا، مگر حکومت نے دانستہ گراؤنڈ کی سہولت فراہم نہ کر کے نوجوانوں کے مستقبل سے ناانصافی کی۔

انہوں نے حکومت کے رویے کو "بچگانہ، احمقانہ اور ناقابلِ فہم” قرار دیا اور کہا کہ "کشمیر سپریم لیگ سے ہندوستان کو تکلیف ہے، اسی لیے بعض قوتیں اس پلیٹ فارم کے خلاف سرگرم ہیں، لیکن ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔” انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور قومی سلامتی کے اداروں کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

سابق وزیراعظم نے آزاد کشمیر کے وزیر کھیل کے بیان کو "غیر ذمہ دارانہ اور مضحکہ خیز” قرار دیتے ہوئے کہا کہ "جس شخص کا اپنا شناختی و پشتنی سرٹیفیکیٹ مشکوک ہو، وہ لیگ کے نام پر سوال کیسے اٹھا سکتا ہے؟”

سردار تنویر الیاس خان نے واضح کیا کہ KSL صرف ایک کرکٹ لیگ نہیں بلکہ نوجوانوں کو مثبت سمت میں لانے کا ایک بڑا قومی پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیر سپریم لیگ کا سفر کسی صورت رکے گا نہیں۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.