صحافی فرحان ملک 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

0

 

کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت نے مبینہ کال سینٹر کے ذریعے غیر ملکیوں سے فراڈ کے نئے مقدمے میں صحافی فرحان ملک کو 5 روز جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔

ایف آئی اے نے صحافی فرحان ملک کو عدالت میں پیش کیا، دوسرے مقدمے میں فرحان ملک پر کال سینٹر کے ذریعے غیرملکیوں سے فراڈ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

فرحان ملک کے خلاف درج ایف آئی آر کے مطابق 25 مارچ کو گلشن اقبال میں ایک کال سینٹر پر چھاپہ مارا گیا تھا، اس دوران 2 ملزمان اطیر حسین اور حسن نجیب کو گرفتار گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق گرفتار ملزمان غیر ملکیوں سے فراڈ میں ملوث ہیں، سافٹ ویئر کے ذریعے غیر ملکیوں سے ان کا خفیہ ڈیٹا حاصل کیا جارہا تھا، گرفتار ملزمان نے بتایا ہے کہ یہ کام فرحان گوہر ملک کے کہنے پر ہورہا ہے، ملزمان فراڈ اور دھوکا دہی میں ملوث ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ کراچی شرقی کی عدالت نے صحافی فرحان ملک کو 14 روزہ عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے ان کی درخواست ضمانت پر نوٹس جاری کردیے تھے۔قبل ازیں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے 21 مارچ کو فرحان ملک کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.