
19آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ کے موقع پر پاک فضائیہ نے ایک شاندار فضائی مظاہرہ پیش کرتے ہوئے پاکستانی قوم کے فخر اور غیر متزلزل عزم کو اجاگر کیا۔ پاک فضائیہ کے بہادر پائلٹس نے آسمان کو سبز ہلالی پرچم کے رنگوں سے سجا کر پوری قوم کو دلکش انداز میں سلامی پیش کی۔
شیردلز کی ٹیم نے اسپرٹ پاس اور شاہین بریک مینیوور کے ذریعے اپنی غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ مزید برآں، جے ایف-17 تھنڈر بلاک تھری اور ایف-16 فائٹنگ فالکنز نے اپنے فضائی مظاہرے سے تماشائیوں کو مسحور کن انداز میں محظوظ کیا۔
جے ایف-17 تھنڈر طیارے، جو پاکستانی مہارت کی علامت ہیں اور مختلف بین الاقوامی مشقوں میں اپنی جنگی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں، اس فضائی مظاہرے کا حصہ بننے کے لحاظ سے خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔ فخر پاکستان جے ایف-17 تھنڈر طیاروں کی متعدد دوست ممالک کی فضائی افواج میں شمولیت اس کی حربی صلاحیتوں کے اعتراف کا واضح ثبوت ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ کے موقع پر پاک فضائیہ کا یہ فضائی مظاہرہ اس بات کا غماز ہے کہ پاک فضائیہ ہر محاذ پر قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
