مظفر آباد،یوم یکجہتی کشمیر پر کرکٹ میچ کا انعقاد،بین الاقوامی کرکٹ سٹار شاہد خان آفریدی کی شرکت

0

مظفر آباد، یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر نظامت اعلیٰ سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر کے زیر اہتمام ایک نمائشی کرکٹ میچ سری نگر الیون اور جموں الیون کے مابین نڑول سٹیڈیم مظفر آباد میں کھیلا گیا۔ اس میچ کے مہمان خصوصی بین الاقوامی کرکٹ سٹار شاہد خان آفریدی تھے، جنہوں نے اس موقع پر شائقین کرکٹ سے خطاب کیا۔

اس میچ میں وزیر سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر عاصم شریف بٹ، سیکرٹری سپورٹس راشد حنیف، سیکرٹری حکومت خالد محمود مرزا، سیکرٹری ٹورازم چوہدری عبدالرحمن، ڈائریکٹر سپورٹس لیاقت حیات، چوہدری مہربان، ڈائریکٹر یوتھ اینڈ کلچر محمد نعمت اللہ خان، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس افتخار صادق اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس سہراب اسلم مظفر آباد بھی موجود تھے۔

میچ میں جموں کشمیر الیون نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 10 اوورز میں 92 رنز بنائے۔ اس کے جواب میں سری نگر الیون نے اس سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ اپنے 6 وکٹس سے اپنے نام کر لیا۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خان آفریدی نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اس نمائشی میچ کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کرنا اور تحریک آزادی کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی کشمیر سے محبت لازوال ہے اور یہ محبت نسلوں تک منتقل ہوتی رہے گی۔

شاہد خان آفریدی نے وزیر سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر عاصم شریف بٹ، سیکرٹری سپورٹس راشد حنیف، ڈائریکٹر سپورٹس لیاقت حیات اور شائقین کرکٹ کا پرجوش استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کشمیری قوم سے ان کا تعلق بہت پرانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور پاکستان میں کشمیری ٹیلنٹ کو بڑے ٹورنامنٹس میں کھیلنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

آخر میں وزیر سپورٹس عاصم شریف بٹ اور شاہد خان آفریدی نے کھلاڑیوں کو ونر، رنر اپ ٹرافیاں اور شیلڈز تقسیم کیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.