لاہور (نیوز ڈیسک)سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) کی جانب سے گیس چوری کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں مزید 69 غیر قانونی کنکشن منقطع کیے گئے ہیں۔ اس کارروائی کے نتیجے میں مجموعی طور پر 31 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔

لاہور میں سوئی ناردرن کی ٹیموں نے گیس کے غیر قانونی استعمال کے باعث 14 کنکشن منقطع کیے اور 9 لاکھ 50 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے۔ فیصل آباد میں 10 غیر قانونی کنکشن منقطع کرنے کے بعد 2 لاکھ 10 ہزار روپے کا جرمانہ لگایا گیا، جبکہ شیخوپورہ میں 3 کنکشن منقطع کیے جانے پر 10 لاکھ 11 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
بہاولپور میں کمپریسر کے غیر قانونی استعمال پر 11 کنکشن منقطع کیے گئے، جبکہ ملتان میں 1 کنکشن گیس چوری اور 12 کنکشن کمپریسر کے استعمال پر منقطع کیے گئے۔ ساہیوال میں بھی گیس چوری کے خلاف 2 لاکھ 10 ہزار روپے کے جرمانے لگائے گئے۔ مردان میں 18 غیر قانونی کنکشن منقطع کیے جانے کے ساتھ 6 لاکھ 60 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
یہ کریک ڈاؤن گیس کی چوری اور غیر قانونی استعمال کے خلاف ایک سخت اقدام ہے، جس کا مقصد گیس کی فراہمی کو بہتر بنانا اور صارفین کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔ سوئی ناردرن گیس نے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے تاکہ گیس چوری کے اس مسئلے کا مؤثر طریقے سے خاتمہ کیا جا سکے۔
