مظفرآباد،ڈپٹی کمشنر کی زیر صدار ت اجلاس،پلاسٹک بیگز پر عائد پابندی سے متعلق اہم فیصلے
مظفرآباد (نیوز ڈیسک)ڈپٹی کمشنر مدثر فاروق کی صدارت میں تحفظ ماحولیات آزاد جموں و کشمیر کی ریگولیشن 2023 کے نفاذ کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں پلاسٹک (پولی تھین) بیگز کی بناوٹ، خرید و فروخت اور استعمال پر عائد پابندی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں سپرنٹنڈنٹ مظفر آباد پولیس عطاء الرحمن، اسسٹنٹ کمشنر مظفر آباد سید غلام محی الدین گیلانی، اور دیگر اہم شخصیات شریک تھیں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر EPA مظفر آباد، عفان خان نے اجلاس کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کی جا چکی ہے، اور اس کی خلاف ورزی کو سنگین جرم قرار دیا گیا ہے۔
اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ ہول سیلر سپلائرز اور تاجران کے ساتھ مشاورت کے بعد موجودہ پلاسٹک بیگز کا سٹاک ختم کرنے کے لئے مناسب وقت طے کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، مارکیٹ میں ایسے کاروبار کی نشاندہی کی جائے گی جہاں پلاسٹک بیگ کی ضرورت ہے اور ان کے متبادل کی تلاش کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیس کو انٹری پوائنٹس پر چیکنگ کو مؤثر بنانا ہوگا تاکہ پلاسٹک بیگز کی سپلائی چین روکی جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس تبدیلی کے دوران تاجروں کو مالی نقصان سے بچانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔
اجلاس میں طے پایا کہ 30 ستمبر 2024 کو تاجران کے نمائندگان کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی جائے گی تاکہ ماحول دوست شاپنگ بیگ کے متبادل تلاش کیے جا سکیں۔ اس کے بعد، پلاسٹک بیگز کے خلاف سختی سے عمل درآمد کرتے ہوئے جرمانے اور دیگر سزائیں عائد کی جائیں گی۔آخر میں، ڈپٹی کمشنر نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بھرپور کوششیں کرنی ہوں گی تاکہ تحفظ ماحولیات ایجنسی کی ہدایات کا مؤثر نفاذ ممکن بنایا جا سکے۔