نام نہاد بھارتی انتخابات، رائے شماری کا نعم البدل نہیں ہو سکتے، چوہدری لطیف اکبر
مظفرآباد(نیوز ڈیسک)آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر میں بھارتی افواج کی کارروائیوں اور حریت قیادت کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے زیر سایہ ہونے والے انتخابات محض ایک ڈھونگ ہیں۔انہوں نے کہا کہ "یہ اقدامات بھارت کے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ نام نہاد بھارتی انتخابات، رائے شماری کا نعم البدل نہیں ہو سکتے۔”
چوہدری لطیف اکبر نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ کرنے اور مسلم اکثریتی علاقوں میں جنونی ہندؤوں کی بستیاں آباد کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جس سے مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل ہو رہی ہے۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کریں، تاکہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں۔
آزادجموں وکشمیر کے سپیکر نے واضح کیا کہ "ہم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کے مسلسل قتل عام کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں رجوع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔”انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام اپنے پیدائشی حق کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں، اور انہیں غیر جانبدارانہ استصواب رائے کا حق ملنا چاہیے۔