برطانیہ کے شہر اسٹریٹ فورڈ اپون ایون میں دو سال قبل 17 سالہ لڑکی کے ساتھ سنگین جنسی زیادتی کرنے والے 22 سالہ ملزم محمد توفیقی کو عدالت نے 10 سال قید کی سخت سزا سنا دی۔ محمد توفیقی ایرانی نژاد ہے اور اس وقت برطانیہ میں مقیم تھا۔
ہیڈ کوچ پاکستان کرکٹ ٹیم مائیک ہیسن کی لاہورکے اسپتال میں کامیاب سرجری
واقعہ اس وقت پیش آیا جب ملزم ایک تقریب کے دوران زبردستی باتھ روم میں داخل ہوا جہاں نوجوان لڑکی موجود تھی۔ اس نے دروازہ اندر سے بند کر لیا اور تنہائی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لڑکی کو اپنی درندگی کا نشانہ بنایا۔ دورانِ تقریب ملزم نے خود کو "پاپینو” کے فرضی نام سے لوگوں سے متعارف کرایا تھا، جس سے اس کی اصل شناخت چھپانے کی کوشش ظاہر ہوتی ہے۔
واروکشائر پولیس نے واقعے کے بعد عوامی اپیل کی جس پر ہیر فورڈ سے تعلق رکھنے والے ایک شہری نے اہم معلومات فراہم کیں۔ ان معلومات کی مدد سے پولیس نے ملزم کو اس کے کام کی جگہ سے گرفتار کر لیا۔ تاہم دورانِ تفتیش محمد توفیقی نے پولیس کو غلط نام بتا کر گمراہ کرنے کی کوشش کی اور پہلے سے تیار شدہ بیان دے کر جرم سے انکار کر دیا۔
واروک کراؤن کورٹ میں جیوری نے شواہد کی بنیاد پر اسے مجرم قرار دے دیا۔ جج نے جرم کی سنگینی، ملزم کے ندامت کے اظہار میں ناکامی، اور متاثرہ لڑکی پر پڑنے والے گہرے نفسیاتی اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے 10 سال قید کی سزا سنائی۔
پولیس تفتیشی افسران نے عدالت میں بتایا کہ متاثرہ لڑکی کی ہمت، استقامت اور عدالتی عمل میں تعاون نے اس کیس کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ دو سال کی قانونی کشمکش کے بعد لڑکی کو انصاف مل سکا، جبکہ ملزم نے اپنے کیے پر کسی قسم کی ندامت کا اظہار نہیں کیا۔