Gas Leakage Web ad 1

سابق بنگلادیشی وزیراعظم خالدہ ضیا 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

سابق بنگلادیشی وزیراعظم خالدہ ضیا 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

0

بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ رپورٹس کے مطابق خالدہ ضیا جگر کے عارضے سمیت کئی امراض میں مبتلا تھیں اور کافی عرصے سے اسپتال میں زیر علاج تھیں تاہم آج وہ خالق حقیقی سے جا ملیں، ان کا انتقال دارالحکومت ڈھاکا کے اسپتال میں مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے ہوا۔ گزشتہ روز ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو انتہائی تشویشناک قرار دیا تھا، اس حوالے سے ان کا علاج کرنے والے میڈیکل بورڈ کے رکن ڈاکٹر ضیاء الحق کا کہنا تھا کہ خالدہ ضیا کو لائف سپورٹ پر رکھا گیا ہے اور باقاعدگی سے ڈائیلاسس کیا جارہا ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں مگرپی ٹی آئی گالیاں دیتی ہے: خواجہ آصف

انہوں نے بتایا کہ جب بھی ڈائیلاسس روکا جاتا ہے تو ان کی حالت میں نمایاں طور پر بگاڑ آ جاتا ہے اور ان کا کہنا تھا کہ زیادہ عمر اور متعدد پیچیدہ بیماریوں کے باعث ایک ساتھ ہر بیماری کا علاج ممکن نہیں رہا۔ خالدہ ضیا بنگلا دیش کی معروف سیاستدان تھیں جنہوں نے 1991 سے 1996 اور پھر 2001 سے 2006 تک ملک کی وزیراعظم کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ بنگلا دیش کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں جبکہ انہیں مسلم دنیا میں بے نظیر بھٹو کے بعد دوسری خاتون وزیراعظم ہونے کا اعزاز بھی حاصل تھا۔ خالدہ ضیا بنگلادیش کے سابق صدر ضیاء الرحمان کی اہلیہ تھیں۔ سیاسی کیریئر کے دوران ان پر کرپشن کے الزامات لگے اور انہیں 2018 میں 5 برس کیلئے جیل بھی کاٹنا پڑی تھی۔ عوامی لیگ کی لیڈر شیخ حسینہ واجد سے ان کی طویل سیاسی رقابت بھی رہی اور بالآخر شیخ حسینہ واجد کو پچھلے سال حکومت چھوڑنا پڑگئی تھی۔ یاد رہے کہ خالدہ ضیا کے بیٹے اور بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی کے عبوری چیئرمین طارق رحمان چند روز قبل 17 سالہ جلاوطنی ختم کر کے وطن واپس پہنچے تھے اور ان کی واپسی ایسے وقت میں ہوئی جب بنگلادیش میں اہم انتخابات کا انعقاد ہونے والا ہے۔ طارق رحمان 2008 میں 18 ماہ قید کے بعد علاج اور دیگر وجوہات کی بنا پر برطانیہ چلے گئے تھے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.