نیویارک کے میئر کے انتخاب میں مسلم امیدوار ظہران ممدانی نے کہا ہے کہ ان کے مخالفین نے انہیں دہشت گرد کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی، لیکن وہ نفرت کے مقابلے میں اتحاد اور یکجہتی کا پیغام لے کر سامنے آئے ہیں۔
ابتدائی ووٹنگ سے قبل برونکس کی ایک مسجد کے باہر خطاب کے دوران ظہران ممدانی جذباتی ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعد امریکہ میں مسلمانوں کے لیے حالات بدل گئے، ان کی خالہ 9/11 کے بعد حجاب پہن کر خود کو غیر محفوظ محسوس کرتی تھیں۔
ظہران ممدانی نے کہا کہ وہ اس منفی تاثر کو ختم کرنے اور معاشرے میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے سیاست میں آئے ہیں۔
نیویارک میں میئر کا انتخاب 4 نومبر کو ہوگا، جب کہ ابتدائی ووٹنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ حالیہ سروے کے مطابق ظہران ممدانی کو 43 فیصد عوامی حمایت حاصل ہے، جو انہیں مضبوط امیدواروں میں شامل کرتی ہے۔