غزہ میں مظالم: برطانیہ کا اسرائیلی حکام کو دفاعی نمائش میں مدعو نہ کرنے کا فیصلہ
برطانیہ نے غزہ تنازع کے باعث اسرائیلی سرکاری حکام کو لندن میں ہونے والی دفاعی نمائش میں مدعو نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، برطانوی حکام کے مطابق اسرائیل کی جانب سے غزہ میں کارروائیوں کو تیز کرنے کا فیصلہ غلط ہے اور جنگ کا حل فوری سیز فائر اور سفارتی مذاکرات ہی ہیں۔ حکام نے واضح کیا کہ اگرچہ اسرائیلی سرکاری نمائندے نمائش میں شریک نہیں ہوں گے، لیکن اسرائیلی دفاعی کمپنیاں اس میں شرکت کر سکیں گی۔ لندن میں یہ نمائش نو ستمبر سے بارہ ستمبر تک جاری رہے گی۔ یاد رہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک باسٹھ ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ڈیڑھ لاکھ زخمی ہو چکے ہیں۔ ادھر آسٹریلیا میں اسرائیل اور نیتن یاہو پر پابندیاں بڑھانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے جبکہ ایک امریکی سروے میں ہر دس میں سے چھ ووٹرز نے اسرائیل کو مزید امریکی اسلحہ دینے کی مخالفت کی ہے۔