لاہور (نیوز ڈیسک) پنجاب کے علاقے تونسہ میں انسدادِ دہشت گردی کے محکمے (سی ٹی ڈی) نے ایک اہم کارروائی کے دوران دہشت گردی کی بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

یہ کارروائی سرحدی گاؤں کے قریب کی گئی جہاں سی ٹی ڈی اہلکاروں اور کالعدم تنظیم "فتنۃ الہندوستان” کے دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی جانے والی اس کارروائی میں پانچ انتہائی مطلوب دہشت گرد مارے گئے، جبکہ پانچ زخمی ہو کر قریبی جنگلات میں فرار ہو گئے۔ مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضے سے خودکار رائفلیں، تین دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز)، دھماکا خیز مواد، گولہ بارود اور دستی بم برآمد کیے گئے ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ فرار ہونے والے عناصر کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور رومی و تونسہ کے اطراف میں چیک پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں۔ ہلاک دہشت گردوں میں سے چار کی لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ ایک لاش دہشت گرد اپنے ہمراہ لے جانے میں کامیاب ہو گئے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس کامیاب آپریشن پر سی ٹی ڈی اور پنجاب پولیس کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی بروقت کارروائیاں ملک میں امن و امان قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
