جنگ بندی سے پہلے ایران اور اسرائیل کے ایک دوسرے پر حملے
صبح ایران سے دو مرحلوں میں چھ میزائل داغے گئے، اسرائیلی فوج

(نیوز ڈیسک)جنگ بندی سے پہلے ایران اور اسرائیل نے ایک دوسرے پر شدید حملے کیے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ آج صبح ایران سے دو مرحلوں میں چھ میزائل داغے گئے۔ پہلے مرحلے میں ملک پر دو اور دوسری لہر میں چار میزائل داغے گئے۔ دوسری لہر میں داغے گئے میزائلوں میں سے ایک بیر شیبہ شہر کے ایک اپارٹمنٹ کمپلیکس سے ٹکرایا ہے۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹس سے پتہ چلتا ہے کہ ایران کی طرف سے داغے گئے میزائلوں میں سے ایک جنوبی اسرائیل کے شہر بیر شیبہ پر گرا ہے۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا تھا کہ ایرانی فوج کی کارروائیاں تہران کے وقت کے مطابق صبح 4 بجے تک جاری رہیں۔ تہران میں اس وقت صبح تقریباً چھ بجے کا وقت ہے۔
رات گئے اسرائیل کی جانب سے بھی ایران پر فضائی حملے کیے گئے، تہران زور دار دھماکوں سے گونج اٹھا، اسرائیلی حملوں میں ایران کے جوہری پروگرام سے منسلک ایک اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی۔
ایران کے مختلف خبر رساں اداروں نے جوہری پروگرام سے منسلک ایک اعلیٰ عہدے دار محمد رضا صدیقی صابر کے قتل کی تصدیق کی ہے۔ صدیقی صابر کو گذشتہ رات صوبہ گیلان کے شہر آستانہ اشرفیہ میں اسرائیلی حملوں میں نشانہ بنایا گیا۔
