گلگت بلتستان میں امن کے قیام میں صحافیوں کا کردار قابلِ تحسین ہے، سیکریٹری اطلاعات
سیکریٹری اطلاعات گلگت بلتستان ثناء اللہ نے کہا ہے کہ صحافیوں نے ہمیشہ ذمہ دارانہ اور مثبت رپورٹنگ کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے اور مشکل و حساس حالات میں بھی پیشہ ورانہ ذمہ داری اور بالغ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے معاشرے میں ہم آہنگی کو فروغ دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکردو میں صحافیوں کے ساتھ ایک خصوصی نشست کے دوران کیا جس میں محکمہ اطلاعات کے افسران اور ورکنگ جرنلسٹس بھی شریک تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ ہے اور کم از کم اجرت کے حکومتی فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے ایگریڈیشن کارڈ کے حوالے سے بتایا کہ اس کی پالیسی شفاف ہے اور یہ کارڈ سالانہ بنیادوں پر جاری کیے جائیں گے جبکہ دیگر اضلاع کے صحافیوں کو بھی ایگریڈیشن کارڈ کے اجرا کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ سیکریٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے پہلی مرتبہ انڈومنٹ فنڈ کا باقاعدہ ڈھانچہ تشکیل دیا گیا ہے جس کے ذریعے عامل صحافیوں کی بہتری کے لیے مختلف اقدامات کیے جائیں گے اور وقت کے ساتھ اس نظام کو مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جائے گا۔ اس موقع پر صحافیوں نے خصوصی نشست کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اس طرح کے مکالمے جاری رہیں گے تاکہ میڈیا اور سرکاری اداروں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ مل سکے۔