پاکستان میں مہنگائی میں بڑی کمی ہوئی، امسال قیمتوں میں استحکام کا امکان ہے: اے ڈی بی رپورٹ

0

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کی حالیہ "ایشین ڈیولپمنٹ آؤٹ لک” رپورٹ کے مطابق، گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان میں مہنگائی کی سطح میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکا کی جانب سے ٹیرف بڑھائے جانے کے نتیجے میں برآمدات پر منفی اثر پڑنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ عالمی تجارتی غیر یقینی صورتحال اور مقامی سطح پر کمزور طلب بھی خطے کی معاشی ترقی پر اثر انداز ہو سکتی ہے، جس کے باعث موجودہ سال میں ایشیائی خطے کی مجموعی شرح نمو 4.7 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
عالمی سطح پر جاری تنازعات اور توانائی کے اخراجات میں ممکنہ اضافے کو بھی مستقبل کی تجارت کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ چین کی جائیداد مارکیٹ میں توقعات سے زیادہ کمی آنے کی صورت میں عالمی تجارت متاثر ہو سکتی ہے۔
خطے میں زرعی پیداوار میں بہتری آنے سے مہنگائی کی شرح کم ہو کر 2 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم، اگر امریکا کی جانب سے ترسیلات زر پر ٹیکس عائد کیے گئے، تو بھارت، فلپائن اور پاکستان جیسے ممالک کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں نہ صرف پچھلے مالی سال میں مہنگائی کم ہوئی بلکہ موجودہ مالی سال کے دوران بھی قیمتوں میں استحکام رہنے کی توقع ہے۔ صنعتی اور خدمات کے شعبوں میں بہتری کا امکان ظاہر کرتے ہوئے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان کی اقتصادی ترقی کی شرح 2.7 فیصد رہی، جب کہ رواں سال کے لیے 4.2 فیصد ترقی کے ہدف کو برقرار رکھا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.