پانی کی شدید قلت، چیئرمین این ڈی ایم اے نے سنگین نتائج سے خبردار کر دیا

0

اسلام آباد: چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ رواں سال پاکستان دنیا کے اُن 15 ممالک میں شامل ہو سکتا ہے جو پانی کی شدید قلت کا شکار ہوں گے۔

یہ بات انہوں نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی، جہاں انہوں نے بتایا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے ملک میں آبی بحران تیزی سے شدت اختیار کر رہا ہے۔

کمیٹی اراکین نے این ڈی ایم اے کی جانب سے مون سون بارشوں اور ممکنہ قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور سوال اٹھایا کہ ادارہ صرف ہنگامی حالات کے بعد امدادی سرگرمیوں تک محدود کیوں ہے، پیشگی حکمتِ عملی کیوں نہیں اپنائی جاتی؟

چیئرمین این ڈی ایم اے نے اس بات کا اعتراف کیا کہ اگرچہ خطرات کی نشاندہی کر لی گئی ہے، لیکن مؤثر آبی ذخیرہ کاری کے نظام اور انفرا اسٹرکچر کی کمی ایک بڑی رکاوٹ ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بعض اہم مقامات کی نشاندہی ہو چکی ہے جہاں پانی جمع کرنے کے منصوبے بنائے جا سکتے ہیں، تاہم ان منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے وسائل اور مکمل منصوبہ بندی کی شدید کمی درپیش ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.