ازادکشمیر بنک کے اثاثہ جات 48 ارب تک پہنچ گئے
مظفر آباد(نیوز ڈیسک)آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر خزانہ و امداد باہمی اوربینک آف آزاد جموں وکشمیر کے چیئرمین جناب خان عبدالماجد خان کی زیرصدارت بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا79واں اجلاس منعقد ہوا۔
بینک کے ہیڈ آفس میں منعقدہ اجلاس میں صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسرجناب شاہد شہزاد میر، ڈائریکٹرز صاحبان، سیکریٹری فنانس حکومت آزاد جموں وکشمیرجناب اسلام زیب، سیکریٹری صنعت وحرفت جناب خالد محمود مرزا، سیکریٹری قانون و انصاف جناب محمد سجاد، جناب مبشر نبی،جناب ذوالفقارعباسی، محترمہ بشریٰ ناز ملک اورکمپنی سیکریٹری ڈاکٹرعدنان اللہ خان نے شرکت کی۔
اجلاس میں سال کے پہلے ششماہی فنانشل اکاؤنٹس(30جون2024) سمیت مختلف آپریشنل ایجنڈے پیش کئے جن کی مفصل بحث و مباحثہ کے بعد منظوری دی گئی۔ششماہی فنانشل اکاؤنٹس کے مطابق بینک کے منافع، اثاثہ جات، ڈیپازٹس اور ترسیلات زرمیں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جب کہ صارفین کوآسان شرائط اور کم از کم مارک اپ پرپر کشش قرضہ جات فراہم کئے جا رہے ہیں۔
بورڈ کو بتایا گیا کہ رواں سال کی پہلی ششماہی میں بینک نے 906ملین روپے آپریٹنگ منافع حاصل کیا، اثاثہ جات بڑھ کر 48ارب روپے تک پہنچ گئے، ڈیپازٹس 39ارب روپے ہو گئے۔ مختلف پرکشش سکیموں کے تحت صارفین کو 4.5ارب روپے کے قرضہ جات فراہم کئے گئے۔بورڈ نے شاندار کارکردگی اور تعاون پر تمام سٹیک ہولڈرز کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے بینک کی کامیابی اور ترقی کے سفر کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پرجناب چیئرمین نے کہا کہ حکومت کی سر پرستی میں ادارے کو کامیاب اور صف اول کے بینکوں میں شامل کرنے کے لئے تمام کوششیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عملے کی محنت، ٹیم ورک،معزز صارفین کے بھرپور تعاون سے بہترین بزنس نتائج کے حصول کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
یوم دفاع کے موقع پرپاک بحریہ میں 2 نئے جنگی بحری جہازوں کی باقاعدہ طور پرشمولیت