ضلع کونسل مظفرآباد کا نظرثانی وتخمینہ میزانیہ اتفاق رائے سے منظور

0

مظفرآباد (نیوزڈیسک)ضلع کونسل مظفرآباد کا نظرثانی میزانیہ2023.24 وتخمینہ میزانیہ 2024.25اتفاق رائے سے منظور۔ چیئرمین ضلع کونسل سردار امتیاز احمد عباسی کی زیرصدارت میں ہونے والے ضلعی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں مالی سال 2024.25کا 36کروڑ 30 لاکھ 24 ہزار 3 سو 34 روپے کا بجٹ منظور کرلیاگیا۔

بجٹ سیکرٹری ضلع کونسل محترمہ مہ جبین عباسی نے پیش کیا جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض بھی محترمہ مہ جبین عباسی نے انجام دیے اجلاس میں وائس چیئرمین ضلع کونسل راجہ ناصر لطیف ایڈووکیٹ سمیت 52 کے ایوان میں سے 48 اراکین نے شرکت کی دو اراکین بیرون ملک ہونے کے باعث جبکہ دو ذاتی مصروفیات کے باعث شریک نہیں ہو سکے ۔ اجلاس میں موجود 48 اراکین ضلعی اسمبلی نے اتفاق رائے سے بجٹ منظور کیا۔بحث میں اراکین ضلعی اسمبلی نے حصہ لیا۔بجٹ تجاویز کیلئے قائم کردہ کمیٹی کے چیئرمین سید علی رضا سبز واری نے تجاویز پیش کیں جنہیں اجلاس کے دوران سراہا گیا۔کچھ ترامیم کے ساتھ جملہ تجاویز پر بھی اتفاق کرلیاگیا۔ ضلع کونسل مظفرآباد کا بجٹ اجلاس گزشتہ روز آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کمیٹی روم بلاک نمبر چار میں منعقد ہوا

جس کی صدارت چیئرمین ضلع کونسل سردار امتیاز عباسی نے کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اجلاس کے دوران متعدد قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔بجٹ کمیٹی کے چیئرمین ممبر ضلع کونسل سید علی رضا سبز واری نے ادارے کی آمدن میں اضافے اور اراکین کو فنڈز اور اختیارات کے ساتھ ساتھ مراعات دینے کی نسبت تجاویز پیش کیں جبکہ سیکرٹری ضلع کونسل نے اجلاس میں نظرثانی میزانیہ 2023.24و تخمینہ میزانیہ 2024.25رقمی 363024334 روپے ایوان میں پیش کیا جس پر تفصیلی بحث و مباحثہ کے بعد کچھ مدات میں کٹوتی کرتے ہوئے کٹوتی کی جانے والی رقم کو ترقیاتی فنڈز کاحصہ بنانے اور تمام یونین کونسلوں میں مساویانہ بنیادوں پرفنڈز کی تقسیم پر اتفاق کرتے ہوئے اتفاق رائے سے بجٹ منظور کیاگیا۔

اجلاس میں 48 اراکین ضلع کونسل نے شرکت کی۔اراکین ضلعی اسمبلی وائس چیئرمین راجہ ناصر لطیف خان، عظمت اعوان، میرامتیاز احمد، خواجہ امتیاز احمد راجہ طارق بشیر ایڈووکیٹ، بشارت مغل، ملک محمد حنیف اعوان،راجہ مدد علی خان ، جاوید اقبال ، عبدلنعیم چوہدری ایڈووکیٹ ،خالد مغل ، میر نصیر جیلانی ، میر افتخار ، میر عادل ، راجہ مدد علی خان ، ضمیر اقبال ، راجہ عامر ظفر ، راجہ نبیل آزاد، یاسر گیلانی ، سردار تسلیم ، ناہید عباسی ، فیاض افضل اعوان ، اعظم خان ، حافظ عبد الرشید دانش ، جنید اعوان ، عابد شاہ ، میجر ( ریٹائرڈ) عبد الحمید اعجاز اقبال ایڈووکیٹ، اقبال تنولی، لطیف خان محمد منیر اعوان، ندیم ممتاز میر راجہ ذوالقرنین، ، راجہ محسن مجید، خرم جاوید اعوان، محمدسلیم چوہدری ،تسلیم عباسی ، اور خواتین ممبران سمیت دیگر نے بجٹ پر بحث میں حصہ لیا۔ممبران نے چیئرمین ضلع کونسل ، وائس چیئرمین راجہ ناصر لطیف اور سیکرٹری ضلع کونسل سمیت ادارے کی کارکردگی پر اطمینان کااظہار کیا

ممبران کی جملہ تجاویز کو من وعن تسلیم کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ قانون سازی کرتے ہوئے ضلع کونسل کی آمدن میں اضافے کیلئے ان تجاویز پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے قانون سازی کیلئے تحریک کی جائے۔اجلاس میں پاس کردہ بجٹ میں 26 کروڑ روپے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ گرانٹ ان ایڈ شامل ہے جبکہ تقریبا 10کروڑ روپے سے زائد رقم ادارے کے اپنے وسائل سے حاصل ہونے والی آمدنی شامل ہوگی۔36 کروڑ میں سے ترقیاتی اخراجات تقریبا 23 کروڑ 92 لاکھ روپے ہونگے جبکہ غیر ترقیاتی اخراجات جن میں ملازمین کی تنخوائیں،پنشن اور دیگر اخرجات ہیں شامل ہیں 13 کروڑ روپے ہونگے۔اجلاس کے دوران سابق ممبر ضلع کونسل کیپٹن ریٹائرڈ محمد افضل اعوان مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعائے مغفرت کی گئی اجلاس میں فنڈز منتخب بلدیاتی نمائندگان کے ذریعے تقسیم کرنے سمیت بلدیاتی نمائندوں کو بااختیار بنانے کا مطالبہ کیا گیا

اور اس ضمن میں چیئرمین ضلع کونسل مظفرآباد سردار امتیاز احمد عباسی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیاگیااور ان کے حق میں قرارداد منظور کی گئی۔ کونسل /بلدیاتی نمائندوں کی عزت نفس وقار کو بحال رکھنے کااعادہ کیاگیا۔ اجلاس کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ضلع کونسل نے کہا کہ وہ خوش قسمت چیئرمین ہیں جنہیں ایک باوقار،باشعور،باصلاحیت اور مثبت سو چ کے حامل اراکین ضلعی اسمبلی کے سربراہ ہونے کااعزاز حاصل ہے اور آج ایک مرتبہ پھر اعتماد کا ووٹ دیا ہے جس پر جملہ اراکین کا شکرگزارہوں۔انہوں نے کہا کہ بجٹ تجاویز بڑی ٹھوس اور مثبت ہیں ان میں کچھ ترامیم کرلی گئی ہیں۔آزادکشمیر کی دیگر نوضلع کونسلوں کی مشاورت سے ایک سمری بنا کرحکومت کو ارسال کرینگے تاکہ اس کی منظوری /قانون سازی کی جاسکے۔ان تجاویز پرعملدرآمد سے آزادکشمیر بھر کی ضلع کونسل ہاء خود کفیل ہوجائیں گی اور کم ازکم فی ممبر ضلع کونسل ایک معقول رقم کا ترقیاتی بجٹ حاصل کرسکے گا تاہم بجٹ تجاویز کی منظوری/قانون ساز ی سے قبل پہلے سے جو منظور شدہ بجٹ ہے اس کی ایک ایک پائی کاحساب دینے کیلئے تیار ہیں۔مساویانہ بنیادوں پر ترقیاتی فنڈز خر چ ہونگے۔

کسی کوشکایت کا موقع نہیں ملے گا۔فنڈز اور اختیارات اراکین ضلع کونسل کی امانت ہے جس میں کبھی خیانت نہیں ہوگی۔ترقیاتی بجٹ زمین پر دکھائی دینے چاہیے۔ترقیاتی بجٹ سے محکمانہ تصریحات کے مطابق بروقت ترقیاتی منصوبے مکمل ہونے چاہیے تاکہ جن لوگوں نے مینڈیٹ دیا ہوا ہے ان کے مسائل حل ہوسکیں، انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کی عوام کو بلا تخصیص پینے کے صاف پانی کی فراہمی،دیہی راستوں،را بطہ سڑکوں سمیت دیگرمنصوبوں پر اپنے وسائل سے بھی کام کروائے جائیں گے۔سردار امتیاز احمد عباسی نے کہا کہ مختصر عرصہ میں ممبران ضلع کونسل اور ضلع کونسل کے آفیسران ملازمین فیلڈ عملے کی انتھک محنت،لگن سے ضلع کونسل کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے۔ٹیکس کے نظام کو صاف وشفاف بنادیاگیا ہے جبکہ آمدن میں اضافے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں

Leave A Reply

Your email address will not be published.