آٹا سمگلنگ کی روک تھام کے لیے دفعہ 144 کا نفاذ
بھمبر(نیوزڈیسک)آٹا سمگلنگ کی روک تھام کے لیے دفعہ 144 کا نفاذ ۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے تحریری حکمنامہ میں لکھاکہ ہر گاہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولربھمبر نے تحریک کی ہے کہ سرکاری آٹا کی نسبت پرائیویٹ آٹا کی قیمتیں زیادہ ہیں اس لیے قوی خدشہ ہے کہ ڈیلرزحضرات ضلع ہذا سے پاکستان کے مختلف علاقوں میں سرکاری آٹا سمگل کر کے زیادہ قیمت پر فروخت کریں گے جس سے ضلع ہذا کے اندر غذائی قلت کے ساتھ حکومتی نقصان کا اندیشہ ہے۔
بدیں وجہ ضلع ہذا میں دفعہ 144ض ف کا نفاذ عمل میں لایا جائے تاکہ آٹا کی بیرون آزاد کشمیر سمگلنگ کو روکا جاسکے۔
لہذا میں مرزا ارشد محمود جرال ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ممبر زیر دفعہ 144 ضابطہ فوجداری کے تحت حاصل اختیارات کو بروےکار لاتے ہوئے حکم دیتا ہوں کہ ضلع ہذا کی تمام داخلی چیک پوسٹ پر ہدایت کی جاتی ہے کہ ضلع بھمبر کی حدود سے باہرعلاقہ پنجاب سرکاری آٹا سمگل کرنے پر دفعہ 144 ض ف کا نفاذ عمل میں لایا جاتا ہے تاکہ آٹا کی سمگلنگ کی روک تھام کی جا سکے اگر کوئی شخص اشخاص حکم کی خلاف ورزی کرتا ہوا پایا گیا تو اس کے خلاف زیر دفعہ 188اے پی سی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
حکم ہذا کا اطلاق تاریخ اجراء سے عرصہ دوماہ تک رہے گا اس حکم کی تشہیر سپر نٹنڈنٹ پولیس ضلع ہذا بذریعہ منادی کروائیں گے حکم ہذا ہمارے دستخط اور مہر سے جاری ہوا ہے۔