کے ایف سی پر حملہ،میرپور چیمبر آف کامرس کا ملزمان کو کیفرکردارتک پہنچانے کا مطالبہ
میرپور(نیوزڈیسک) میرپور میں کے ایف سی پر ہونے والے واقعہ کی مذمت کرنے کے حوالہ سے میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریزکا اجلاس صدر چیمبر صابر حسین شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں میرپور چیمبر آف کامرس کے سینئر عہدیداران، ممبران ایگزیکٹو کمیٹی اور سابق صدور و عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے گزشتہ دنوں میرپور میں شرپسندوں کی جانب سے کے ایف سی برانچ پر ہونے والیحملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظورکر لی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ یہ اجلاس کے ایف سی کی میرپور برانچ پر حملہ کر کے کروڑوں روپے کا نقصان کرنے،سینکڑوں ملازمین کو ہراساں اور زخمی کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ قرارداد میں حکومت آزادکشمیر اور میرپور کی ضلعی انتظامیہ سے واقعہ کی انکوائری کر کے ملوث تمام کرداروں کو سامنے لانے اور انہیں قرار واقعی سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا تاکہ آئندہ کوئی شرپسند اس طرح کی کارروائی کرنے کی جسارت نہ کر سکے۔
قرارداد میں حکومت آزادکشمیر سے مطالبہ کیا گیا کہ کے ایف سی پر ہونے والے حملے سے میرپور کے بین الاقوامی اور پرامن شہر کی حیثیت کے امیج کو متاثر کرنے اور اوورسیز کشمیریوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے میں ملوث کرداروں کو فوری سزا دی جائے، اس شرپسندانہ کارروائی سے میرپور کے صنعتکار اور تاجروں میں خوف و ہراس پیدا ہوا ہے جبکہ کاروباری لوگ عدم تحفظ کا شکار ہوئے ہیں۔
کاروباری طبقہ کے اعتماد کو بحال کرنے کے لیے حکومت فوری طور پر ایسے اقدامات اٹھائے جس سے کاروباری طبقہ کا اعتماد بحال ہو سکے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ متاثرہ کاروباری ادارے کے نقصان کا فوری تخمینہ لگا کر نقصان کا معاوضہ دیا جائے۔
