افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا،ترجمان دفتر خارجہ

0

اسلام آباد(نیوزڈیسک)ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان نے 18 مارچ کو افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کونشانہ بنایا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان نے گزشتہ ہفتے افغانستان میں دہشتگرد گروہ کے خلاف کاروائی کی، ان حملوں کا نشانہ حافظ گل بہادر گروپ کے دہشتگرد تھے۔

ممتاز بلوچ نے واضح کیا کہ افغانستان کی خود مختاری کا احترام کرتے ہیں، پاکستان کی جانب سے حملوں میں افغانستان کے سویلین آبادی کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ تمام مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے لیکن پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گرد کارروائیوں کو برداشت نہیں کرے گا۔

ممتاز بلوچ نے کہا کہ گزشتہ روز گوادر میں دہشت گرد حملے کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنایا، پاکستان یقین رکھتا ہے کہ کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور ایسے دیگر گروہ خطے کے لیے ایک خطرہ ہیں۔

امریکی ایوان نمائندگان کی امور خارجہ کی کمیٹی میں پاکستان میں انتخابات کے حوالے سے سماعت پر بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز امریکی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستانی انتخابی قوانین کے حوالے سے متعدد غلط فہمیاں دکھائی دیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے غزہ جنگ پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان غزہ میں ہسپتالوں پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، معصوم بچوں کو نشانہ بنانا بربریت سے کم نہیں، بے گناہ افراد،شہری آبادی کو نشانہ بنانا جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔

ممتاز بلوچ نے کہا کہ یہ پائپ لائن پاکستان اپنے علاقے میں تعمیر کر رہا ہے، اس وقت پہلا نکتہ گیس پائپ لائن کہ تعمیر ہے ، ہم اس تعمیر کے لیے بہت ہی پر عزم ہیں۔

پاک ایران گیس پائپ لائن پر بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بارہا پاک ایران گیس پائپ لائن اور باہمی سمجھ پر اپنے عزم کی تجدید کی ہے، پاک ایران گیس پائپ لائن فیصلہ حکومت پاکستان کا اپنا فیصلہ ہوگا۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر باات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرکی 14 سیاسی جماعتوں پر پابندی عائد کر چکا ہے، مقبوضہ کشمیر میں آزادی اظہار پر پابندی کی مذمت کرتے ہیں،کشمیری سیاسی جماعتوں پر پابندی قابل مذمت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، کشمیر یوں کو حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ مسئلہ کے حل تک پاکستان کشمیر یوں کی سیاسی ،سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

 

 

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.