اسلام آباد(نیوزڈیسک)نیپرانے ماہانہ فیول پرائس اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی 20سماعتیں دوبارہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
نیپرا کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق دوبارہ سماعتوں کا فیصلہ ایپلٹ ٹربیونل کے حکم پر کیا گیا ہے، ایپلٹ ٹربیونل نے اس حوالے سے نیپرا کے فیصلوں کو مسترد کردیا تھا۔
نیپرا 20درخواستوں کی از سر نو سماعت 14مارچ کو کرے گی، 20میں سے 15سماعتیں ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے متعلق جبکہ 5سماعتیں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ سے متعلق ہیں۔
نیپرا کے مطابق ماہانہ فیول پرائس اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی یہ درخواستیں 2021-22اور 2023کی ہیں،ایپلٹ ٹریبونل نے 13فروری 2024کو نیپرا کے احکامات کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔