آزاد کشمیر کی لیڈی کانسٹیبل کا منفرد اعزاز
مظفر آباد(راجہ شعیب محمود)_محکمہ پولیس آزادکشمیر میں موجود ایک لیڈی کنسٹیبل نے گولڈ میڈلسٹ ہونے کا منفرد اعزاز حاصل کر لیا۔

سال 2021میں محکمہ پولیس آزادکشمیر کو بطور کنسٹیبل جوائن کرنے والی ڈڈیال میرپور کی صبغہ بتول نے اوپن یونیورسٹی سے بیچلر ان ایجوکیشن میں ٹاپ کر کے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا جبکہ صبغہ نے مسٹ یونیورسٹی میرپور کے شعبہ اسلامک سٹڈیز میں بھی گولڈ میڈل کے لئے نامزد ہو چکی ہیں ۔
صبغہ بتول پولیس خدمت مرکز میرپور میں خدمات سرانجام دے رہی ہیں جہاں اس کنسٹیبل نے پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیم کا سلسلہ بھی جاری رکھاہوا ہے۔
صبغہ بتول نے اپنی کامیابیوں کا سہرا والدین کی دعاؤں کے بعد پولیس آفیسران کے تعاون اور قدم قدم حوصلہ افزائی کو قرار دیتے ہوئے اپنے ملازم پولیس ہونے پر شکر اور فخر کے جذبات کے ساتھ اپنی زندگی کا مقصد عوام کی خدمت بیان کیا اور کہا کہ انھیں عوام کی خدمت کر کے دلی خوشی اور اطمینان حاصل ہوتاہے۔
انسپکٹر جنرل پولیس نے اس ہونہار کنسٹیبل کو محنت لگن اور فرائض کی انجام دہی کے ساتھ تعلیم کے میدان میں بھی نمایاں اور منفرد اعزاز حاصل کرنے پر کلاس ون سرٹیفکیٹ اور نقد انعام کی منظوری جاری کر دی۔
