Gas Leakage Web ad 1

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا، 1.2 ارب ڈالر ملیں گے

0

اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے ہو گیا ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

آئی ایم ایف کے مطابق منظوری کے بعد پاکستان کو توسیعی فنڈ سہولت کے تحت 1 ارب ڈالر اور آر ایس ایف کے تحت 21 کروڑ ڈالر تک رسائی حاصل ہوگی، اس طرح مجموعی طور پر پاکستان کو 1 اعشاریہ 2 ارب ڈالر دستیاب ہوں گے۔ یہ رقم آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد جاری کی جائے گی، اور نئی قسط ملنے کے بعد پاکستان کو موصول ہونے والی مجموعی رقم 4.5 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔

موبائل اسپیڈ میں زبردست اضافہ، 5جی استعمال کرنے کا آسان طریقہ جانیں!

عالمی مالیاتی فنڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں بہتری آئی ہے جبکہ مہنگائی اور کرنٹ اکاؤنٹ کو بھی قابو میں رکھا گیا ہے، تاہم مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث معیشت کو خطرات لاحق رہ سکتے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان مالی خسارہ کم کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے ٹیکس نظام کو بہتر بنانے کی اصلاحات جاری ہیں۔ غریب عوام کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو وسعت دی گئی ہے جبکہ مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے امداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق اسٹیٹ بینک مہنگائی کو قابو میں رکھنے کے لیے سخت مالیاتی پالیسی جاری رکھے گا اور ضرورت پڑنے پر شرح سود میں مزید اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔

عالمی مالیاتی فنڈ کا کہنا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے اور معاشی استحکام بہتر ہوا ہے، تاہم توانائی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ مہنگائی میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔

آئی ایم ایف نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ ٹیکس نیٹ کو وسیع کرے اور اخراجات کو کنٹرول میں رکھے۔ ادارے کے مطابق ایف بی آر کی اصلاحات پر عملدرآمد شروع ہونے سے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ پاکستان ڈیجیٹل انوائسنگ اور ٹیکس آڈٹ کے نظام کو مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ ٹیکس پالیسی آفس درمیانی مدت کی اصلاحاتی حکمت عملی تیار کر رہا ہے۔ وفاق اور صوبوں کے درمیان مالی بوجھ کی بہتر اور منصفانہ تقسیم پر بھی کام جاری ہے۔

مالی سال 2026 کے لیے 1.6 فیصد پرائمری سرپلس کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ مالی سال 2027 میں اسے بڑھا کر 2 فیصد تک لے جانے کا منصوبہ ہے۔ پاکستان نے صحت، تعلیم اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں اخراجات بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ غربت میں کمی اور سماجی تحفظ کو حکومتی ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے جبکہ مہنگائی سے متاثرہ طبقے کو ہدفی امداد فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان نے بینکاری نظام کو بیرونی ادائیگیوں کے لیے مستحکم رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے ساتھ ساتھ گردشی قرضے کو روکنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

عالمی مالیاتی فنڈ کے مطابق سرکاری اداروں کی اصلاحات اور نجکاری پاکستان کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں، جبکہ حکومت نے مارکیٹ میں اپنی مداخلت کم کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔ پاکستان بدعنوانی کے خلاف اقدامات اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بھی کوششیں کر رہا ہے۔

موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات کو مزید تیز کیا جائے گا، جبکہ آئی ایم ایف کی جانب سے گرین ٹرانسپورٹ کے فروغ اور کاربن اخراج میں کمی پر زور دیا جا رہا ہے۔ پانی کے نظام میں بہتری اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مالیاتی تیاری جاری ہے، جبکہ موسمیاتی اہداف کے مطابق توانائی کے شعبے میں اصلاحات بھی جاری رکھی گئی ہیں۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.