Gas Leakage Web ad 1

سکردو واقعہ، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان، تحقیقات کا آغاز

0

گلگت(مصعب خالق)یکم مارچ کو سکردو میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا ، متعدد اہم عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق 62 برگیڈ کے دفاتر اور برگیڈ ہاؤس کو نذرِ آتش کر دیا گیا، جس کے باعث دونوں عمارتیں مکمل طور پر خاکستر ہو گئیں۔ اسی طرح گرین گیسٹ ہاؤس (سابقہ PTDC) بھی جل کر تباہ ہو گیا۔ اقوامِ متحدہ (UN) کا دفتر اور اس سے ملحقہ رہائشی عمارت بھی اس پرتشدد واقعے کی زد میں آ کر مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
مزید برآں آئی ٹی پارک اور آرمی پبلک سکول کو بھی آگ لگا دی گئی، جس سے یہ اہم تعلیمی و تکنیکی مراکز مکمل طور پر خاکستر ہو گئے۔ آغا خان رورل سپورٹ پروگرام (AKRSP) کا زونل ہیڈ آفس واقع سدپارہ روڈ بھی شدید متاثر ہوا، جہاں دفتر کے ساتھ موجود 29 گاڑیاں بھی جل کر راکھ ہو گئیں۔پریشان چوک کے قریب ایس ایس پی ہاؤس اور ایس ڈی پی او ہاؤس کو بھی نذرِ آتش کیا گیا، جس کے نتیجے میں دونوں رہائشی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔دوسری جانب گلگت میں بھی حالات کشیدہ رہے جہاں اقوامِ متحدہ کے دو اہم دفاتر کو جلائے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی جبکہ متعلقہ ادارے نقصانات کا تخمینہ لگانے اور حالات کو معمول پر لانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔عوامی و سماجی حلقوں نے اس واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امن و امان کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.