کراچی: حکومت سندھ نے توانائی کے ممکنہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کفایت شعاری کے اقدامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری افسران کے فیول میں 50 فیصد کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
گلگت بلتستان میں مفت سولر اسکیم کی پہلی ڈیجیٹل قرعہ اندازی کا آغاز
سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت کفایت شعاری کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں توانائی کے مؤثر استعمال، سرکاری اخراجات میں کمی اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں سرکاری محکموں کے ساتھ ساتھ بلدیاتی اداروں کی گاڑیوں کے ایندھن میں بھی 50 فیصد کمی اور سرکاری گاڑیوں کا 60 فیصد حصہ فوری طور پر گراؤنڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
کفایت شعاری کمیٹی نے سیکرٹری جی اے کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات دیں۔ اجلاس میں گراؤنڈ کی جانے والی گاڑیوں کے نمبرز اور دیگر تفصیلات جمع کرنے کے لیے پروفارما تیار کرنے اور کسی محکمے کی ہدایات کی خلاف ورزی پر متعلقہ گاڑی کو تحویل میں لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر حکومت سندھ وسائل کے محتاط استعمال کو یقینی بنا رہی ہے اور ان فیصلوں کا مقصد عوامی خدمات کی فراہمی متاثر ہوئے بغیر توانائی کے استعمال میں کمی لانا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام محکموں کو کفایت شعاری کے ان اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کرنا ہو گا۔