راولپنڈی: پنجاب حکومت نے کراچی میں سانحہ گل پلازہ کے بعد صوبے کی کمرشل عمارتوں کے لیے سخت ہدایات نامہ جاری کر دیا ہے۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ آن لائن اجلاس میں ہدایت کی کہ کمرشل عمارتوں میں آگ بجھانے والے آلات کی تنصیب لازمی ہو اور لوکل گورنمنٹس ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرائیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان
چیف سیکرٹری نے کہا کہ تین منزلہ عمارتوں میں ہنگامی حالات میں نکلنے کے لیے اسٹیل کی سیڑھیاں لازمی لگائی جائیں اور ہر فلور سے اچھی طرح جڑی ہوں۔ اسٹیل کی سیڑھیوں کی تنصیب کے لیے کسی قسم کا این او سی ضروری نہیں۔
اعلامیے کے مطابق ہر فلور پر فائر ایکسٹنگشر کا نصب ہونا لازمی ہے اور کمرشل عمارتوں کے مالکان یا انتظامیہ 15 دن کے اندر ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے عمارتوں کے مالکان کے لیے عملدرآمد کی چیک لسٹ بھی جاری کر دی ہے۔ ڈی جی راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ نے ہائی رائز عمارتوں میں فائر سیفٹی آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے اور مالکان کو آگاہ کر دیا ہے۔
کنزہ مرتضیٰ کے مطابق ہائی رائز عمارتوں کے مالکان کو فائر سیفٹی چیک لسٹ فراہم کی گئی ہے، جس میں ہنگامی صورتحال میں آگ سے بچاؤ کے سامان، بجلی کے نظام اور ہنگامی راستوں کی جانچ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والے مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔