وزیراعظم شہبازشریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں خطے کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق بدھ کو وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دوطرفہ تعلقات پر بھی بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم اور سعودی ولی عہد نے خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے اُمہ کے موجودہ چیلنجز میں اُمہ کی صفوں میں اتحاد اور ہم آہنگی کی برقرار رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ علاقائی مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے امن اور سلامتی برقرار رکھنا ضروری ہے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ٹیلی فون کال کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق محمد بن سلمان نے آئندہ سال پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دیرینہ بردرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق دونوں رہنماؤں کی جانب سے اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ مہینوں میں بردرانہ تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچے۔